ناندیڑ:۳؍اکتوبر (اعتماد نیوز)ناندیڑ واگھالہ میونسپل کارپوریشن کے سٹی
انجینئر مادھو باشیٹی کو اینٹی کرپشن محکمہ نے ۲۵؍ہزارروپئے رشوت لیتے ہوئے
رنگے ہاتھوں پکڑ لیا ۔ تفصیلات کے مطابق جے این این آر یو ایم اسکیم کے
تحت جن علاقوں میں بی ایس یو پی کے مکانات تعمیر کرکے دئیے جارہے ہیں وہاں
پر اسی فنڈ سے بنیادی سہولت فراہم کرنے کی غرض سے سڑکیں اور ڈرینج کے کام
بھی انجام دئیے جارہے ہیں ۔
بی ایس یو پی کے کاموں کی ذمہ داری سٹی انجینئر
مادھو باشیٹی کی طرف ہے ۔ سڑک کے تعمیراتی کام کا بل منظور کرنے کیلئے
کنٹراکٹر سے سٹی انجینئر باشیٹی نے ۴۰؍ہزارروپئے رشوت طلب کی تھی ۔
کنٹراکٹر نے اس کی شکایت اینٹی کرپشن محکمہ سے کی ۔ گزشتہ دوپہر جال بچھاکر
سٹی انجینئر باشیٹی کو ۲۵؍ہزارروپئے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا
اور اس کے خلاف وزیر آباد پولس اسٹیشن میں مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے ۔